30 اگست 2016 - 08:25
افغان وزیر خارجہ کا دورہ ایران

ایران اور افغانستان کے وزرائے خارجہ نے خطے میں تکفیری اور انتہا پسند گروہوں کا مقابلہ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے پیر کو تہران میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات کی۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں علاقے میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف سنجیدگی کے ساتھ مہم چلائے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، دہشت گردی کو اچھی اور بری دہشت گردی میں تقسیم کئے جانے کا مخالف ہے۔ انھوں نے کہا کہ سبھی انتہا پسند اور تکفیری گروہوں کا مقابلہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے افغان ہم منصب کے دورہ ایران کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی نظر میں افغانستان خاص اہمیت رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جیسا کہ بارہا سبھی افغان عہدیداروں سے ملاقاتوں میں اعلان کیا گیا ہے، اسلامی جمہوریہ ایران افغانستان کے امن و استحکام اور ترقی کو اپنا امن و استحکام اور اپنی ترقی سمجھتا ہے۔ افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے اس ملاقات میں افغانستان کے متعدد وفود کے دورہ ایران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورے اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران افغانستان کی حکومت اور قوم کے لئے کتنی اہمیت رکھتا ہے۔ انھوں نے ایران میں افغان بچوں کی تعلیم کے تعلق سے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی خصوصی ہدایات کا شکریہ ادا کیا۔ افغان وزیر خارجہ نے اپنے ملک کی ترقی میں ایران کی چابہار بندرگاہ کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بندرگاہ، افغانستان کی ترقی و پیشرفت میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔

.......

/169